تعلیمی شعبہ جات
علوم الحدیث
بسم اللہ الرحمن الرحیم
تعارف شعبہ علوم الحدیث
جامعہ احسان القرآن والعلوم النبویہ۔لاہور
اَلحمْدُللہِ وَحْدَہ وَالصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلی مَنْ لَانَبِيَّ بَعْدَہٗ،أَمَّابَعد
بانی ومؤسسِ جامعہ "حضرت الحاج حافظ صغیراحمدصاحب نوراللہ مرقدہٗ "کو اللہ تعالیٰ نے برکۃ العصرشیخ الحدیث حضرت مولانامحمدزکریا کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ کے فیضانِ صحبت کی برکت سے"عشقِ محمدی "کاوافرحصہ عطافرمایاتھا۔اس کااظہار"اشاعتِ درودشریف "کی متنوّع ومتفرق خدمات ہیں۔حضرتؒ کو"عشقِ نبوی"کے ساتھ اپنے شیخ ومرشد"حضرت شیخ الحدیثؒ"سے بھی وارفتگی تھی۔جامعہ احسان القرآن والعلوم النبویہ کے"شعبۂ علومِ حدیث"کواُن کے اِسی عشقِ محمدی ووارفتگیِ مرشدی کی مثال سمجھا جاسکتاہے۔اللہ تعالیٰ حقیقی معنوں میں اِس شعبے کوحضرت سیدالمرسلین خاتم النبیین رسول اللہﷺکی محبت کے فیضان کاباعث بنائے۔آمین
بانیِ جامعہ کی دعاوسرپرستی میں شوال المکرم۱۴۳۸ھ/جولائی ۲۰۱۷ء میں "شعبہ علوم الحدیث"قائم ہوا۔۱۶/صفرالمظفر۱۴۳۹ھ مطابق ۶/نومبر۲۰۱۷ء یوم الاثنین کوحضرت شیخ الحدیثؒ کے نواسے،جامعہ مظاہرعلوم سہارن پورکے جنرل سیکرٹری(امینِ عام)،سرپرستِ جامعہ"حضرت مولاناسیدمحمدشاہدصاحب سہارن پوری رحمہ اللہ"سےتفصیلی مشاورت کے بعدشعبے کامنہج،اغراض واہداف اورنام"شعبہ علوم الحدیث"طے ہوا۔نیز گاہے دیگرعلماے کرام خصوصاًحضرت مولاناعبدالحلیم چشتی صاحبؒ کے معروف شاگردومدرسہ دارالوعی للدعوۃ والتربیۃ ۔پشاورکے مدیر"مولاناساجد احمد صدوی صاحب"سے مشاورت کاعمل جاری رہتاہے۔
جامعہ کے دستورومنشورکے مطابق یہ شعبہ"نائب صدرِ جامعہ"کے ماتحت ہے،وہی"نگرانِ اعلیٰ"ہوتے ہیں۔مجلسِ منتظمہ کی طرف سے شعبے کے تعلیمی وتربیتی نظم وضبط کے واسطے ایک"مشرِف"مقررکیے جاتے ہیں،جو"نگرانِ اعلیٰ"سے مشاورت ومنظوری سےشعبے کے لیے "رفقاے کرام"کاانتخاب کرتے ہیں،اِس وقت(۱۴۴۶/۲۰۲۴ء)نگرانِ اعلیٰ ،مشرِف اوررفَقا مندرجہ ذیل حضرات ہیں:
نمبر۱۔نگرانِ اعلیٰ: حضرت مولانامفتی انیس احمدصاحب مظاہری حفظہ اللہ ورعاہ(نائب صدرِ جامعہ وشیخ الحدیث)
نمبر۲۔مشرِف: مولانا بلال احمدالخلیلی حفظہ اللہ(متخصص فی الحدیث ،جامعہ فاروقیہ و مدرسہ دارالوعی للدعوۃ والتربیۃ،استادِجامعہ)
نمبر۳۔رفُقاے کرام: (۱)مولانامحمدمحسن صاحب حفظہ اللہ(۲)مولانا محمدارشاد صاحب حفظہ اللہ
اغراضِ شعبہ
(الف)سلفِ صالحین کےرسوم وآداب کی روشنی میں حضرت رسول اللہﷺکے ذات مبارکہ سے وابستہ علوم(حدیث،سنت اور سیرت)کی خدمت
(ب)اسلاف واکابرکے طرزپرحدیث وعلومِ حدیث کااحیا۔یادرہے کہ محدثین کی تحقیق کے مطابق علومِ حدیث میں تقریباً ایک سوعلوم وفنون ہیں،جن میں سیرتِ رسول،سیرِ صحابہ،تاریخ،اسماء الرجال،طبقات ،جرح وتعدیل،تصحیح وتضعیفِ حدیث،تحقیق اورضبط وکتابت ِ حدیث،وغیرہ شامل ہیں۔
اہداف ومقاصدِ شعبہ
نمبر۱۔ایسے رجالِ کار تیارکرناجوحدیث وعلوم الحدیث میں مہارت حاصل کرکے اکابرکے علوم ومعارف سے استفادہ کرتے ہوئے احادیثِ مبارکہ کی خدمت انجام دیں؛اِس کے لیے نصاب ونظام میں بہترسے بہترین کی طرف سفرجاری ہے،اورتخصص فی الحدیث سے قبل "مرحلۃ التقدُّم فی العلوم الاسلامیہ"کانصاب ترتیب دیاگیاہے،دونوں پراجمالی گفتگوآئندہ سطورمیں ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔
نمبر۲۔برکۃ العصرحضرت شیخ الحدیث مولانامحمدزکریا کاندھلویؒ کے حدیثی علوم ومعارف کی اشاعت۔
نمبر۳۔حدیث ،علوم الحدیث،تاریخ،سیرت کے حوالے سے معاشرے کے مسائل کاحل۔
خدمات کا منہج واسلوب
"علومِ الحدیث" دراصل علوم اسلامیہ کے چوکیدار کی حیثیت رکھتےہیں۔اِس نسبت سے یہاں وابستگی رکھنے والوں کا تعلق تمام علوم اسلامیہ اوراُن سے وابستہ اہلِ علم ونظرکے ساتھ خاص طورسے اورعامۃ المسلمین کے ساتھ عام طورسے رہتاہے،اسی وجہ سے جامعہ کایہ” شعبۂ علوم الحدیث” اہلِ علم کی علمی وفکری بلندی اورعامۃ المسلمین کے حدیث وسنت اورسیرت کے ساتھ مضبوط تعلق کے لیے کوشاں وخواہاں رہتاہے۔چناں چہ ہردوطبقات کے لیے"مذاکرات "کاایک سلسلہ شروع کیاگیاہے،نیزیہ شعبہ درسِ نظامی کے فضلاے کرام کے لیے بھی مناسب نصاب ونظام کے تحت علوم ِ اسلامیہ میں "تقدُّم "اورحدیث وعلوم الحدیث میں"اختصاص "کامرحلہ وارخاکہ رکھتاہے، جس کا اجمال ذیل کی سطروں میں ملاحظہ فرمائیں گے۔
مذاکرات ودورات
الف۔مذاکرۃالحدیث وعلومہ
الحمد للہ شعبہ علوم الحدیث کے تحت ۱۴۴۲ھ/۲۰۲۱ء سےاہلِ علم واساتذہَ حدیث کے لیے چارروزہ مذاکرہ علوم الحدیث کاسلسلہ جاری ہے ۔
چار روزہ سالانہ مذاکرہ علوم الحدیث شوال میں منعقد ہوتاہے ، حضرت مولاناعبد الحلیم چشتی رحمہ اللہ کے معروف شاگرد"مولاناساجد احمد صاحب دامت برکاتھم العالیہ"تشریف لاتے ہیں ،اورحدیث و علوم الحدیث ،سیروتاریخ ،مخطوطات فہمی،نیزتخریجِ حدیث ،شرح ِ حدیث اور اسماء الرجال کی مشقیں ہوتی ہیں ،جس سے پرانے محدثین کی یاد تازہ ہوتی ہے ۔اس مذاکرہ میں ہر سال علماے کرام تشریف لاکر اپنی علمی پیاس بجھاتےہیں ۔
ب۔مذاکرۂ سیرت
اسی طرح ربیع الاول/ربیع الثانی میں عام مسلمانوں خصوصاً اہلِ علاقہ کے لیے شعبہ علوم الحدیث کے تحت "مذاکرہ ٔ سیرت "کےعنوان سے سیرت آگاہی پروگرام بھی شروع ہواہے،یہ مذاکرہ اتوارکے روز مغرب تاعشا ہوتاہے۔اِس میں پرو جیکٹر کے ذریعے سے دل نشین انداز میں نقشوں اورمقامات کی تصاویرکے ساتھ پہلےمرحلے میں"رسول اللہ ﷺ کی حیات ِ مبارکہ "سامعین کے سامنےپیش کی جارہی ہے۔
مجالسِ حدیث
شعبہ علوم الحدیث کے تحت یوم عاشوراکی مناسبت سے"احادیث مسلسلہ واجازتِ حدیث "کی مجلس منعقد ہوتی ہے ،جس میں شعبے کے نگران اعلیٰ"حضرت مولانامفتی انیس احمدمظاہری صاحب دامت برکاتہم"طلباےدورہ حدیث ،موقوف علیہ اور علماے کرام کواجازتِ حدیث دیتے ہیں ۔اسی طرح عید کے دن حضرت اقدس مظاہری صاحب مدظلہ"حدیث مسلسل بیوم العید"پڑھاتےہیں ،اس میں بھی علماے کرام تشریف لاتےہیں ۔
سوالات کے جوابات
الحمدللہ اب تک تحریرااور زبانی سوالات کے جوابات کی تعداد ۳۰۰ کے قریب ہے۔
تحقیقی مقالات وکتب
نمبر ۱۔اس شعبے سے "علماکی طباعتی خدمات "کتاب منظر ِ عام پر آئی ،یہ کتاب ایک نئے موضوع پر لکھی گئی ہے ،جس میں طباعت کی ایجادکے بعداہلِ حق علماکے حدیثی کتب کی طباعت اورپریس قائم کرنے کےسلسلے میں جلیل القدرخدمات کاذکرہے۔الحمد للہ اس کتاب کو کئی علماے کرام نے سراہاہے۔
نمبر ۲۔ "حضرت مولانافضل الرحیم صاحب مدظلہ، مہتمم جامعہ اشرفیہ "کے رسالے "سرورِکونین خاتم المرسلین حضرت رسول اللہ کے موئے مبارک "پر اضافات و تعلیقات کاکام ہو ا،یہ کا م بھی تکمیل کے قریب ہے ۔
نمبر ۳۔ حضرت مولانایوسف خان صاحب مدظلہ،ناظم تعلیمات جامعہ اشرفیہ،لاہور کے"دروسِ جامع ترمذی"کی ترتیب وتخریج وتعلیق کاکام ہوا،جلد ہی انشاءاللہ منظرِ عام پر آجائے گا۔
نمبر ۴۔قاضی سلیمان منصورپوری کی کتاب"اصحاب ِ بدر"پر اضافات وتعلیقات کاکام بھی بحمداللہ تکمیل کے قریب ہے۔
نمبر ۵۔"اہلِ علم سلفِ صالحین کے ہاں تصحیح شدہ نسخوں کی اہمیت"کے عنوان سے مضمون بھی ماہنامہ وفاق المدارس میں چھپا۔
مرحلۃ التقدم فی علوم الاسلامیہ
صدیوں سے سلفِ صالحین واکابر کا یہ معمول چلاآرہاہے تھاکہ ایک حد تک دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد فضلاے کرام کسی میدان میں ماہر ،تجربہ کار عالم کی خدمت میں حاضر ہوتے اور ان کی صحبت میں دن رات گزارکے مطلوبہ میدان سے ممارست وتجربہ پیداکرتے ۔بعض اپنے استاد وشیخ کے پاس سالہاسال گزارتے ،بالکل ایسے جیسے آج تک خانقاہی نظام میں شیخ ومرشد کی صحبت میں مریدین ومجازین وقت لگاتےہیں ۔اس سلسلے کو مزید نکھارنے اور زمانے کے تقاضوں اور استعدادوصلاحیتوں میں کمی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہمارے اکابر (حضرت بنوری رحمہ اللہ ،حضرت مفتی شفیع صاحب عثمانی رحمہ اللہ وغیرہ )نے "تخصص"کے عنوان سے باقاعدہ نصاب نظام کے تحت درس گاہیں قائم فرمائی تھیں ۔اس کے نتائج نہایت حوصلہ افزا ظاہر ہوئے ،تاہم پچاس ،ساتھ سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کےبعد صلاحیتوں اور استعداد وں میں مزید کمی کو دیکھتے ہوئے ہمارے اساتذہ کرام متعین معیاروصلاحیت کے بغیر "تخصصات"کے عنوان سے جگہ جگہ درس گاہیں شروع کرنے کو پسند نہیں فرمارہے ۔
اس صورتِ حال میں تخصص سے پہلے "مرحلۃالتقدم فی العلوم الاسلامیہ"یامرحلۃ الاعداد والتمہید"شروع کرناضروری معلوم ہوتاہے ،اس مرحلے میں چالیس چالیس دن کایاشرکاکی استعداد کے مطابق دن متعین کر کے پچھلے آٹھ سال میں پڑھے ہوئے اسلام ی علوم کی تازگی اور اگلی سطح سے شناسائی کروائی جاتی ہے ۔کچھ مزید علوم (جغرافیہ ،تاریخ ،اصول ِنحو ،وغیرہ )کے تعارف کے ساتھ ساتھ عربی،اردو میں تحریروتقریرکی مشق ،مخطوطہ شناسی ،تحقیق و تخریج ،کمپیوٹرکی تعلیم ہوتی ہے۔اس طرح ایک یادو سال میں یہ مرحلہ مکمل کرکے شرکاکو اختیار ہوتاہے ،وہ عملی میدان میں کام کرنا چاہیں تو ایک تربیت یافتہ ،پر اعتماد وقابل اعتماد عالم کے طور پر آگے بڑھیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ،اور مزید تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہیں تو حدیث ،فقہ ،افتایاکسی دوسر ے اسلامی علم میں اختصاص کے لیےاساتذہ کے ساتھ جڑے رہیں اورتخصص کے نصاب و نظام کاحصہ بن جائیں۔
لائبریری
الحمدللہ اس شعبے میں حدیث وعلوم الحدیث،اردوادب ،سوانحات پرمشتمل کتب کی تعداد اس وقت تقریباایک ہزار ہے۔اس عدد میں کئی جلدوں پر مشتمل کتابوں کو ایک کتاب شمار کیاگیاہے،اور بعض کتابیں متعدد رسائل کے مجموعے ہیں ان کو علاحدہ کتاب شمار کیاگیاہے۔یہاں کتب کا اندراج ونشست"قرون"(صدیوں)بلکہ مصنفین کی سن ِ وفات کے اعتبار سے رکھاگیاہے۔
استفادے کا طریقہ کار
حدیث ،علوم ِ حدیث ،سیرت اور تاریخ سے متعلق تحریری جواب کے خواہش مند حضرات صاف،بڑے کاغذ پراپناسوال تحریرادستی عنایت فرمائیں ،یا ای میل کیجے:ulomulhadisjamiaehsan@gmail.com
یاان نمبروں پر واٹس ایپ کیجئے:
0324-4231459/0320-4009298
زبانی جواب کے لیے ان اوقات میں خود تشریف لائیں یا موبائل پر رابطہ کریں۔
اوقاتِ کار:صبح7:30بجے تا 3:45بجے۔(علاوہ وقفہ نماز اور جمعہ تعطیل)
گیلری/میڈیا
تعارفت شعبہ علوم الحدیث
جامعہ احسان القرآن کے دیگر تعلیمی شعبہ جات








